بلدیہ کورنگی کو نیلام عام کرنے کی تیاریاں
لوکل ٹیکسز سے متعلق محکمہ جات نے سر پکڑ لئے
اسٹاف کی موجودگی کے باوجود لوکل ٹیکسز کے محکمہ جات ٹھیکے داروں کے سپرد کئے جارہے ہیں
پہلے مرحلے میں شاپ بورڈز، کمپنیز بورڈز، موونگ پبلسٹی کی نیلامی کے اشتہارات جاری
یہ تجربہ بلدیہ شرقی میں بری طرح ناکامی سے دوچار ہوچکا ہے
بلدیہ شرقی کے اسٹاف نے گزشتہ دنوں کمپنی کی بے قاعدگیوں کی شکایات اعلی افسران کو جمع کروائی ہیں

کراچی(رپورٹ: فرقان فاروقی) بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ بلدیہ کورنگی کو اسوقت نیلام عام کرنے پر تلی ہوئ ہے جب کسی بھی دن ڈی ایم سیز کو متعدد ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں تبدیل ہو جانا ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپریل میں بلدیاتی اداروں میں تبادلے تقرریوں سمیت کسی بھی نئ ترقیاتی اسکیم یا پالیسی مرتب کرنے سے روک چکا ہے ایسے میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی جاوید کلوڑ اور میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو روندتے ہوئے محکمہ اشتہارات کو نیلام عام کا اشتہار جاری کروایا ہے جس پر محکمہ بلدیات سندھ بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہے، عام تاثر یہ جارہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل بلدیہ کورنگی مال سمیٹو پالیسی پر عمل پیرا ہے.ذرائع کے مطابق بلدیہ کورنگی کے محکمہ لوکل ٹیکسز میں آنے والے محکمہ جات کو نیلام کرنے کی پالیسی تیار کر لی گئ ہے پہلے مرحلے میں محکمہ اشتہارات اور بعد میں دیگر لوکل ٹیکسز کے محکمہ جات کو نیلام کر دیا جائے گا،

بلدیہ کورنگی کے محکمہ ٹیکسز کے محکمہ جات اس عمل سے سر پکڑے بیٹھے ہیں ان کا کہنا ہے کہ بلدیہ کورنگی میں شفافیت پر مبنی نظام لایا جائے تو لوکل ٹیکسز کی آمدنیاں توقعات کے عین مطابق حاصل کی جاسکتی ہیں اس طرح نیلام عام کرنا موجود اسٹاف کو فالتو بٹھانے کے مترادف ہے جب ریکوری کرنے پر کمپنیاں معمور ہونگی تو اسٹاف مکھیاں مارنے کے سوا کچھ نہیں کرسکے گا انہوں نے کہا کہ بلدیہ شرقی میں محکمہ اشتہارات کی نیلامی کا عمل بری طرح ناکام ہوچکا ہے حال میں ہی محکمہ اشتہارات بلدیہ شرقی کے ملازمین نے انتظامیہ کو کمپنی سے متعلق شکایات درج کروائے کیلئے خط ارسال کیا ہے جس میں کمپنی کی بے قاعدگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے اب اس ناکام عمل کو بلدیہ کورنگی میں نافذ کرنا کسی طور بھی درست نہیں ہے انہوں نے وزیر بلدیات سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلدیہ کورنگی میں ہونے والے اس غیر قانونی اقدام کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں.



