بلدیہ شرقی میں نئے مالی سال کے بجٹ کیلئے تیاریاں عروج پر
نئے مالی سال کے بجٹ کیلئے فوری بجٹ تجاویز جمع کروادی جائیں،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ
ترقیاتی مد میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، رحمت اللہ شیخ
بجٹ پروپوزل کو حتمی شکل دی جارہی ہے، چیف اکاؤنٹ افسر نوید کولاچی

کراچی(پ ر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ وچیف اکاؤنٹ افسر نوید احمد کولاچی نے بلدیہ شرقی کے محکمہ جات کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بجٹ پروپوزل دو دن میں جمع کروادیں تاکہ بجٹ 2022-23 کو حتمی شکل دے دی جائے انہوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے سے بجٹ تجاویز کیلئے محکمہ جات کو خطوط ارسال کئے جاچکے ہیں لیکن تاحال کچھ محکمہ جات نے بجٹ پروپوزل جمع نہیں کروائے ہیں جو بجٹ بنانے میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بجٹ 2022-23 کیلئے تیزی سے موصولہ بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ جس طرح رواں مالی سال میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے ضلع شرقی کے مکینوں کو مستفید کیا گیا ہے اس میں مزید اضافہ کیا جائے انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے لہذا ہر شے پر اس کا اثر پڑے گا لہذا اس مرتبہ بجٹ ترتیب دینے میں اس اضافی بوجھ کو سامنے رکھتے ہوئے بجٹ ترتیب دیا جائے گا، کوشش کریں گے کہ بجٹ میں غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے اضافی بوجھ کو برداشت کیا جائے.




