امریکا کی پہلی خاتون سیکریٹری آف اسٹیٹ میڈلین البرائٹ انتقال کرگئیں

میڈلین البرائٹ
امریکا کی پہلی خاتون سیکریٹری آف اسٹیٹ میڈلین البرائٹ طویل علالت کے بعد بدھ کو انتقال کرگئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق پہلی خاتون سیکریٹری آف اسٹیٹ میڈیلین البرائٹ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں جو بدھ کو 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

میڈیلین البرائٹ کے خاندان نے ایک بیان جاری کیا جس میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ہم نے ایک پیار کرنے والی ماں، دادی، بہن، خالہ اور دوست کو کھو دیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے البرائٹ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس اور دیگر وفاقی عمارتوں اور گراؤنڈز پر امریکی جھنڈا 27 مارچ تک سرنگوں کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈلین البرائٹ مشرقی یورپ سے پناہ گزین بچی کے طور پر امریکا پہنچی تھیں، تاحیات ڈیموکریٹ رہنے والی میڈیلین البرائٹ کو 1996ء میں صدر بل کلنٹن نے اپنی انتظامیہ میں سیکریٹری آف اسٹیٹ مقرر کیا تھا، اس سے قبل وہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔

سیکریٹری آف اسٹیٹ کے طور پر البرائٹ امریکی حکومت کی تاریخ میں اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونیوالی پہلی خاتون تھیں تاہم وہ امریکا میں پیدا نہ ہونے کے باعث صدارت کی جانشینی کی امیدوار نہیں بن سکیں کیونکہ وہ چیکوسلواکیہ میں پیدا ہوئی تھیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet