یوسی سیکریٹریز سے رقومات بٹورنے کیلئے ایس ایل جی بی کے دو افسران متحرک
سابق سیکریٹری بورڈ کے جاتے ہی ضلع وسطی کے
15 یوسی سیکریٹریز سمیت دیگر کو معطل کردیا گیا
سابقہ سیکرٹری لوکل بورڈ کے زیر عتاب آتے ہی لوکل گورنمنٹ کے ڈائریکٹرز کروڑوں روپے چبانے کیلئے تیار

کراچی(رپورٹ: فرقان فاروقی) سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ میں ڈائریکٹرز نے کرپشن کی ایسی داستانیں رقم کر رکھی ہیں جس کی مثالیں ملنا مشکل ہیں یہ افسران وقتا فوقتا ایسے حکمنامے جاری کرتے ہیں جس میں افسران کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ ڈیلنگ کریں اور ڈیلنگ کا دائرہ کار لاکھوں روپے تک محیط ہوتا ہے، سابق سیکریٹری لوکل گورئمنٹ بورڈ ضمیر احمد عباسی کے زیر عتاب آتے ہی ڈائریکٹر ون اور ڈائریکٹر ٹو سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ کی جانب سے ایسے احکامات کا اجراء کیا گیا ہے جس میں خاص طور پر یوسی سیکریٹریز کو نشانہ بنایا گیا ہے،مذکورہ ڈائریکٹرز ضمیر عباسی کے جاتے ہی کسی اور دھارے میں بہتے دکھائی دے رہے ہیں لیکن یہ بات بالکل درست ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں یوسی سیکریٹریز نے کرپشن کے بازار گرم کئے ہوئے ہیں یوسیز کو ماہانہ ملنے والا فنڈ بھی کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے لیکن یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے جس پر اعتراضات نہ اٹھانے سے معاملات اب سنگین ہوچکے ہیں حال میں ہی ضلع وسطی کے 15 یوسی سیکریٹریز کو معطل کیا گیا ہے جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے جعلی دستخط کی مدد سے کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے جبکہ مختلف یوسی سیکریٹریز پر دیگر مدوں میں جعلی بلنگ کے ذریعے رقم بٹورنے کے الزامات عائد کر کے معطل کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں ذرائع کے مطابق ضلع وسطی کے معطل کئے گئے یوسی سیکریٹریز جن پر کروڑوں روپے کے الزامات ہیں ان سے سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر صاحبان کی جانب سے بھاری بھرکم رقومات بطور رشوت طلب کی گئیں ہیں اور یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ اگر وہ ان کے مطالبات کے مطابق رقومات فراہم کردیں تو ان کی معطلی کا پروانہ واپس لے کر بحال کردیا جائے گا، ضمیراحمد عباسی کے سیکریٹری بلدیات ہوتے ہوئے کم ازکم بورڈ کے ڈائریکٹر صاحبان کنٹرول میں کام کر رہے تھے اور ان کی جانب سے مختلف نوعیت کے احکامات ضرور جاری ہوتے تھے لیکن مذکورہ قسم کے الزامات نہیں لگائے جاتے تھے لیکن ان کے جاتے ہی بورڈ کے ڈائریکٹر صاحبان نے موقع غنیمت جانتے ہوئے اپنا کام دکھانا شروع کر رکھا ہے، یوسی سیکریٹریز کی جانب سے بھی بورڈ کے ڈائریکٹرز پر الزامات لگائے جارہے ہیں کہ انہیں پریشان کرنے کیلئے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں بورڈ میں ایسے لوگ نچلے گریڈز میں موجود ہیں جو کراچی کے یوسی سیکریٹریز کی مخبریاں کرنے پر معمور ہیں اور ان کی مخبریوں پر یوسی سیکریٹریز کیخلاف کاروائیاں عمل میں لائ جاتی ہیں جس کے پیچھے رقم بٹورنا مقصود ہوتا ہے، یوسی سیکریٹریز نے نئے سیکریٹری لوکل گورئمنٹ بورڈ رشید بروہی سے گزارش کی ہے کہ وہ یوسی سیکریٹریز کو عتاب سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ گزشتہ دو سالوں سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ یوسیز میں من پسندانہ بنیاد پر یوسی سیکریٹریز تعینات کئے جائیں جس کی وجہ سے یوسی سیکریٹریز شدید ذہنی اذیت کی حالت میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں انہوں نے بورڈ میں ڈائریکٹرز کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ موجودہ ڈائریکٹرز سے نظام چلانے کے بجائے ان کی جگہ ایماندار افسران کی تعیناتیاں کی جائیں.



