شب برات کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے اقدامات کر لئے گئے ہیں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی
قبرستانوں ومساجد کے گردونواح میں روشنی سمیت دیگر بلدیاتی خدمات کو یقینی بنایا گیا ہے، رحمت اللہ شیخ
قبرستان آنے والے زائرین کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، رحمت اللہ شیخ

کراچی(پ ر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ شب برات، مقدس راتوں میں سے ایک رات ہے،شب برات سے قبل امام بارگاہوں، مساجد و قبرستانوں کے گردونواح بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، قبرستانوں کے گردونواح روشنی سمیت دیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریٹنڈنگ انجنئیر بی اینڈآر سلمان میمن، ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای امتیاز بھٹو ودیگر افسران کے ہمراہ شب برات کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے معائنے کے دوران کیا انہوں نے قبرستانوں،مساجد و امام بارگاہوں کے گردونواح میں کئے جانے والے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ شب برات سے قبل ایک مرتبہ قبرستانوں کے گردونواح کا جائزہ لیں اور جہاں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے وہاں کام سر انجام دئیے جائیں،اگر سیوریج یا صفائی کے حوالے سے شکایات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ افسران سے رابطہ کر کے اسے حل کروایا جائے روشنی کے انتظامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں آنے والے زائرین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہئیے.



