
بھارت حجاب تنازعہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کا متعصبانہ اور مسلم مخالف فیصلہ سامنے آگیا، کرناٹک ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
کرناٹک ہائی کورٹ کی تین رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننا اسلام کا لازمی جُز نہیں، یونیفارم پر نافذ پابندیاں مناسب تھیں، طلبا اس پر اعتراض نہیں کرسکتے۔
کرناٹک ہائی کورٹ کا حجاب سے متعلق تعصب پر مبنی فیصلے کے بعد بھارت میں جگہ جگہ مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں باحجاب خواتین احتجاج ریکارڈ کرا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ سے مسلمان طالبات نے رجوع کیا تھا کیونکہ وہ اپنا حق استعمال کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننا چاہتی تھیں جس سے انہیں روکا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے دوران سماعت کہا گیا تھا کہ تعلیم کی فراہمی ریاست کی ایک سیکولر سرگرمی ہے، لہٰذا سیکولر تعلیم میں مذہب کی مداخلت کو کم سے کم رکھا جائے۔



