ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کا پارکوں کا معائنہ،بہتری کے احکامات
افتخار سید پارک اور شانتی نگر پارک کا تفصیلی معائنہ کرکے احکامات جاری کئے گئے
افتخار سید پارک اسپورٹس کے فروغ کیلئے بہت کام کر رہا ہے، رحمت اللہ شیخ
پارکوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے کوشاں ہیں، رحمت اللہ شیخ

کراچی(پ ر)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ پارکوں کی صورتحال بتدریج بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، زبوں حال پارکوں کے ساتھ جو پارک مزید بہتر بنائے جاسکتے ہیں ان کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال بلاک 6 میں اولمپئین افتخار سید پارک وگراؤنڈ اور شانتی نگر پارک یوسی 23 کے معائنے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ سپریٹنڈنگ انجنئیر بی اینڈآر سلمان میمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر توقیر عباس، ڈائریکٹر پارکس گلشن اقبال آغا سمیر کے ساتھ اولمپئین افتخار سید بھی موجود تھے، افتخار سید پارک کے دورے کے دوران انہوں نے پارک وگراؤنڈ کی درستگی کے احکامات دئیے اور کہا کہ افتخار سید اسپورٹس کے فروغ کیلئے نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، صحت مندانہ سرگرمیوں کو جلا بخشنے کیلئے کھیلوں سے وابستہ معروف شخصیات کو نچلے لیول پر آکر خدمات سر انجام دینے کی ضرورت ہے، شانتی نگر پارک کے معائنے کے دوران انہوں نے موجود افسران کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ پارک کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لائیں فوری طور پر پارک میں جھولے اور بینچز رکھی جائیں افتخار سید پارک کے دورے کے دوران اولمپئین افتخار سید نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کو اسپورٹس سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دینے کے ساتھ بتایا کہ 2019 میں بلدیہ شرقی کی جانب سے منعقدہ منی اولمپکس میں زیادہ تر کھیلوں کے مقابلے یہیں منعقد ہوئے تھے.



