بلدیاتی ملازمین کے تبادلے وتقرریوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، وحید احمد شیخ
ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ سندھ کے آڈٹ افسران کو خط

کراچی(رپورٹ: فرقان فاروقی)سندھ کے ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ وحید شیخ کی جانب سے سندھ کے بلدیاتی اداروں میں تعینات آڈٹ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی ملازمین کے تبادلے وتقرریوں کے احکامات کی مکمل جانچ پڑتال کریں متعلقہ آڈٹ افسران ملازمین کی سروس پروفائل سمیت دیگر اہم دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد تبادلے وتقرریاں عمل میں لائیں جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ 2012 کے بھرتی شدہ ملازمین کا مکمل ریکارڈ چیک کریں، ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ کی جانب سے جاری حکمنامے کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہےکہ بلدیاتی اداروں میں ٹاؤنز کے قیام سے قبل تبادلوں وتقرریوں کے عمل میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے، خاص طور پر 2012 کے بھرتی شدہ افسران وملازمین کو کھپایا جارہا ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ بلدیات سندھ کا سندھ لوکل گورئمنٹ بورڈ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ تبادلوں وتقرریوں کے احکامات کی جانچ پڑتال کی جائے جس کے بعد اب ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ نے بھی حکمنامہ جاری کر کے آڈٹ افسران کو بھی اس ضمن میں احکامات صادر کئے ہیں.



