ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب بھول گئے کہ وہ بلدیہ عظمی کراچی کے سربراہ بھی ہیں
کراچی(رپورٹ: فرقان فاروقی)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی مرتضی وہاب سیاسی جلسوں کی طرز پر بلدیاتی اداروں کے پروگرامز میں شریک ہو رہے ہیں جس سے شہر میں ہونے والے پروگراموں کی اہمیت کم اور سیاسی اہمیت بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے،بلدیہ کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر جاوید الرحمن کلوڑ و میونسپل کمشنر ماجد علی کی ہدایت پر ڈائریکٹر پارکس وقاص سومرو نے کورنگی میں خوبصورت پھولوں کی نمائش کے ذریعے عوام کو تحفہ فراہم کیا جس کا افتتاح ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی مرتضی وہاب نے کیا افتتاح کے بعد انہوں نے فلاور شو کو قطعی طور پر نظر انداز کر کے فلاور شو کے انعقاد اور محنت پر افسران وعملے کو سراہنے کے بجائے جمع شدہ عوام دیکھ کر افتتاح کے پروگرام کو یکسر سیاسی جلسے میں تبدیل کر دیا انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران سیاسی باتیں کر کے اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کی کوششیں کیں جس کی وجہ سے بلدیاتی پروگرام یکسر سیاسی پروگرام میں تبدیل ہو جانے سے افسران بغلیں جھانکتے دکھائی دئیے کیونکہ ان کی جانب سے گل وگلزار پروگرام کا انعقاد یکسر سیاسی جلسے میں تبدیل ہوچکا تھا نہ پروگرام کے انعقاد پر انہیں کوئی حوصلہ افزائی دی گئی اور نہ ہی شہریوں کو بتایا گیا کہ وہ بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے حوالے سےحکومت سندھ کا اہم عہدہ رکھنے کے باوجود سہولیات کی فراہمی کا لیول بڑھانے میں کیوں ناکام ہیں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی جاوید الرحمن کلوڑ ودیگر صرف خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے کہ شاید مرتضی وہاب فلاور شو کے بارے میں بھی کچھ فرمائیں گے لیکن ایسا نہ ہوسکا.



