
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اسپیکر اسمبلی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس کا مقصد دبئی ایکسپو میں ہماری کارکردگی و اقدامات پر آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی بی آئینی اصلاحات بارے جو سرگرمیاں جاری ہیں ان سے بھی آگاہ کرنا ہے، دبئی ایکسپو میں جی بی میں سرمایہ کاری بارے اربوں روپے کے چھبیس ایم او یوز ہوئے ہیں۔
خالد خورشید نے کہا کہ اب سرمایہ کار جی بی آئیں گے، جس میں سیاحت، زراعت و منرلز بارے سرمایہ لگائیں گے، پی ایم ڈویلپمنٹ پیکچ کے تحت انفراسٹرکچرز پر کام ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان اب عالمی سیاحتی حب بننے جارہا ہے، جی بی عبوری صوبے کے قیام پر تیزی سے کام ہورہا ہے، عبوری صوبے پر جلد جی بی اسمبلی سے متفقہ قرارداد پاس کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو تاریخی پیکچ ملنے جارہا ہے، گلگت بلتستان کو اسمبلی و سینٹ میں نمائندگی ملے گی، یہ سب کچھ ہماری پارٹی قیادت کے وژن کی مرہون منت ہے۔



