ضلع شرقی میں ڈی ایم سی ایسٹ رواں مالی سال 80 کروڑ کے ترقیاتی پروجیکٹس مکمل کرے گی، سعید غنی

ضلع شرقی میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کو

سہولیات پہنچا رہے ہیں، رحمت اللہ شیخ

کراچی( پ ر)وزیر اطلاعات ومحنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ضلع شرقی میں ڈی ایم سی ایسٹ اپنے وسائل سے 80 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام سر انجام دے رہی ہے جو رواں مالی سال میں مکمل کرلئے جائیں گے،مجموعی طور پر دیگر ترقیاتی اسکیموں کے ساتھ تقریبا ایک ارب کے منصوبے ضلع شرقی میں سر انجام دئیے جائیں گے، ان کاموں کی مدد سے ضلع شرقی کے علاقہ مکین مستفید ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ، سابق اپوزیشن لیڈر ڈی ایم سی ایسٹ ذوالفقار قائم خانی، سپریٹنڈنگ انجنئیر سلمان میمن، ایگزیکٹیو انجنئیر امتیاز بھٹو ودیگر کے ہمراہ ضلع شرقی میں ترقیاتی کاموں کے معائنے کے دوران شاہ عبدالطیف روڈ پی ای سی ایچ ایس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ جس روڈ پر ہم کھڑے ہیں وہاں 40 سال بعدسیوریج لائینوں کا مسئلہ حل ہونے کے بعد اب سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس ودیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے،ضلع شرقی سمیت کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی مرہون منت ہے، اختیارات کا رونا رونے والے دیکھ لیں کہ ڈی ایم سیز اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کروڑوں روپے سے ترقیاتی کام سر انجام دینے میں مصروف ہیں اس موقع پر میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا کام بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے، ترقیاتی کاموں میں معیار کا خاص خیال رکھ رہے ہیں جو اس بات کا خیال نہیں رکھے گا اس کیخلاف کاروائی ہونی چاہیئے، دیگر اداروں کے غیر معیاری ترقیاتی کام بھی سندھ حکومت پر ڈال دئیے جاتے ہیں وفاقی حکومت کراچی میں جو کام سر انجام دے رہی ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور متعلقہ بلدیاتی اداروں کو آن بورڈ لیا جانا چاہیئے،مہنگائی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی سربراہی میں لانگ مارچ کا ابھی آغاز ہوا ہے تو پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کردی گئ ہے جب تک یہ اسلام آباد پہنچے گا تو ناجانے کیا کیا ہوگا، جب پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہر شے میں اضافہ ہوتا ہے جس کے تلے دب کر لیونگ اسٹینڈرڈ تیزی سے نیچے آچکا ہے، صوبائی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اپنا کردارادا کر رہی ہے لیکن مذکورہ اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں نہیں آئیں گی تو اس کا ہر چیز پر براہ راست اثر پڑے گا، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ضلع شرقی کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے میں مصروف ہیں،عوام کے دیرینہ مسائل حل ہو رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ دستیاب وسائل میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر میونسپل سروسز بلدیہ شرقی توقیر عباس، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیرز ندیم زیدی، نجم شیخ ودیگر بھی موجود تھے.

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet

اپنا تبصرہ بھیجیں