بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی لانگ مارچ سیلیکٹڈ حکومت کے خاتمہ کا باعث بنے گا،سعید غنی

بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی لانگ مارچ سیلیکٹڈ حکومت کے خاتمہ کا باعث بنے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی ،ڈویژنل رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی لانگ مارچ سیلیکٹڈ حکومت کے خاتمہ کا باعث بنے گا، لانگ مارچ کی تیاری کے لیے نکالی گئی کامیاب ریلی کے بعد سیلیکٹڈ وزیراعظم کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، اسلام آباد میں دمادم مست قلندرہوگا، حکومت کوگھر بھیج کر اسلام آباد سے لوٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و وزیر اطلاعات ومحنت سندھ سعید غنی، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جاوید ناگوری و دیگر نے مزارقائد پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں 27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی لانگ مارچ کی تیاری کے سلسلہ میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت صدر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن و صوبائی وزیر سعید غنی کی قیادت میں بلاول ہاؤس چورنگی سے ریلی نکالی گئی جس میں عوامی ہجوم امنڈ آیا، ریلی کے شرکاء چھوٹی وبڑی گاڑیوں موٹرسائیکلوں، سائیکل، منی ٹرک ، رکشاؤں پرسوار ہونے کے علاوہ پیدل بوٹ بیسن ، کلفٹن ، دو تلوار،فوارہ چوک زینب مارکیٹ، عبداللہ ہارون روڈ صدر، ایمپریس مارکیٹ ، پارکنگ پلازہ، لائنزایریا سے ہوتے ہوئے مزارقائد کے وی آئی پی گیٹ پہنچے جہاں ریلی ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی ۔ قبل ازیں ریلی میں پیپلزپارٹی کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، صوبائی و ڈویژنل، ضلعی عہدیداروں، ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں یوتھ ونگ شعبہ خواتین لیبر بیورو کے ذمہ داران سمیت بڑی تعداد میں جیالوں دیگرنے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے آیا آیا بلاول آیا ۔ آیا آیا ، بےنظیر کا لعل آیا، بلاول بھٹو کی قیادت میں اسلام آباد جانا ہے، نیازی کو بھگانا ہے،مک گیا تیرا شو نیازی، گو نیازی گو نیازی، جان ہماری چھوڑ نیازی سمیت گو نیازی گونیازی گو کے فلک شگاف نعرے لگائے، ریلی کے دوران پیپلزپارٹی کے ترانوں ، نغموں پرجیالے والہانہ رقص کرتے رہے جبکہ جگہ جگہ ریلی کے قائدین اور شرکا کا بھرپور استقبال کیا گیا پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئی،ریلی کے دوران پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات آصف خان نظامت کے فرائض کے علاوہ ریلی کے شرکاء کوہدایات دیتے رہے۔ ریلی میں لانگ مارچ کے لیے تیارکیے گئے خصوصی کینٹنربھی شامل تھے ۔پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کوبتانا چاہتے ہیں کہ لانگ مارچ سے پہلے یہ ریلی ایک ٹریلرہے، کراچی کے کارکن اتنے پرجوش ہیں کہ چئیرمین کے حکم پرسڑکوں پر آگئے تو عمران نیازی کو گھر بھیج دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی لیڈر غریبوں کسانوں مزدوروں اورمظلوموں کی آواز بنا ہوا ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں، پیپلزپارٹی نے بلاول بھٹو کی ہدایت پر کراچی سے خیبر تک پیٹرول بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے اور بحران کے خلاف ملک گیر احتجاج کرکے ثابت کردیا کہ موجودہ ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے پیپلزپارٹی ہی نجات دہندہ ہے ، بلاول بھٹو کی قیادت میں اسلام آباد میں حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ظالم حکومت نے عوامی مسائل میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا،سندھ کو گیس نہیں مل رہی ہے دواوں کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے آشیائے خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں اورغریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا گیا ہے۔دوران تقریرسعید غنی نے نعرے لگوائے کہ عمران کو بھگانا ہے اسلام آباد جانا ہے ،،غریب کو بچانا ہے اسلام آباد جاناہے ،بلاول کو لانا ہے اسلام آباد جاناہے،نیازی کو بھگاناہے اسلام آباد جانا ہے ،وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری کے نعرے لگائے گئے۔پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی ڈویژن کی ریلی نااہل حکومت کے خلاف ایک ٹریلر ہے 27 فروری کو اصل فلم عمران کے خلاف چلے گی اوربلاو بھٹو کی قیادت میں عوامی لانگ مارچ حکومت کے خاتمہ کا باعث بنے گا،بلاول بھٹو فاتح بن کرلوٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ 27 فروری کو بلاول بھٹو کی قیادت میں اسلام آباد جائیں گے،اسلام آباد میں سیلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ ہوگا اور دمادم مست قلندر ہوگا۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کراچی والوں نے یہ عزم کیا ہے کہ 27 فروری کو مزارقائد پر بلاول بھٹو کا تاریخی استقبال کریں گے اوران کی قیادت میں اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ کامیاب ریلی نے لانگ مارچ سے پہلے ہی وزیراعظم کو عوام نے مسترد کردیا ہے ،27 فروری کو بلاول اپنی والدہ اور نانا کی تاریخ دہرائیں گے۔اس موقع پرریلی میں ایم این اےقادرپٹیل،قادرخان مندوخیل ، آغارفیع اللہ ،،شہلارضا،شاہدہ رحمانی،مسروراحسن سردارخان،ذوالفقارقائمخانی،امان اللہ محسود،جاویدنایاب لغاری،لیاقت آسکانی،سلمان مراد،راشد خاضخیلی،خلیل ہوت،جاوید شیخ،مدنی رضا،ساجد جوکھیو،شاہینہ شیرعلی،لالہ رحیم سمیت دیگررہنما بھی موجود تھے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet

اپنا تبصرہ بھیجیں