ایئر بیسز کے اطراف سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے، نجم احمد شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے صوبے کے تمام ایئر بیسز کے اطراف سے تجاوزات کے فوری خاتمے اور غیر مصدقہ گاربیج ڈمپنگ پوائنٹس ہٹانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ سے پاک فضائیہ کے وفد نے ملاقات کی جس میں ان کو ہموار فلائنگ آپریشنز کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اسپیشل سیکرٹری عثمان معظم بھی سیکرٹری بلدیات سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔ انجینئر سید نجم احمد شاہ کو بتایا گیا کہ ایئر بیسز کے اطراف پائے جانے والے کچرے کی موجودگی ہموار فلائنگ آپریشنز کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ وطن کی فضائی سرحدوں کے محافظین کی قربانیوں اور خدمات کی تہ دل سے قدر کرتی ہے اور محکمہ بلدیات سندھ کے تمام منسلک اور ذیلی اداروں کا غیر مشروط تعاون پاک فضائیہ سمیت تمام دفاعی اداروں کے لئے ہمیشہ موجود ہے۔
نجم احمد شاہ نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر احمد چنہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر ایئر بیسز کے اطراف موجود غیر مصدقہ گاربیج ڈمپنگ پوائنٹس کا خاتمہ کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاک فضائیہ کے فلائٹ آپریشنز کی راہ میں کوئی پرندہ کچرے کی موجودگی کی وجہ سے رکاوٹ نہ بنے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کو بتایا گیا کہ جیکب آباد ایئر بیس کے اطراف ہوائی فائرنگ اور چمگادڑوں کی بہتات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ نجم احمد شاہ نے اسپیشل سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ ڈسٹرکٹ جیکب آباد کی حدود میں ہوائی فائرنگ کے تدارک کے لئے محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا جائے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ کو چمگادڑوں کے مسئلہ کے حل کے لئے Anti Bat اسپرے کا حکم دیا اور عوامی شعور و آگاہی کے حوالے سے مہم شروع کرنے پر زور دیا۔
انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا کہ تمام وہ علاقے جن کے اندر پاک فضایئہ کے بیسز موجود ہیں وہاں صفائی و ستھرائی کے خصوصی انتظامات بروئے کار لائے جائیں، نالوں کی صفائی متواتر اور لگاتار منعقد کی جائے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سالڈ ویسٹ ڈپارٹمنٹ، ڈی ایم سیز کے ذمہ داران اور ڈسٹرکٹ کی انتظامیہ مشترکہ اقدامات بروئے کار لانے پر زور دیں تاکہ کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعہ کا کوئی امکان موجود نہ رہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے بلدیاتی افسران کو بطور خاص حکم دیا کہ ائیر فورس کے نمائندگان سے مستقل طور پر رابطہ اور تعاون برقرار رکھا جائے اور موصول ہونے والی کسی بھی شکایت کے حل کے لئے فوری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ تجاوزات اور غیر مصدقہ کچرا کنڈیاں پوری قوت سے مسمار کردی جائیں اور جن مقامات کے حوالے سے مستقل شکایات موصول ہورہی ہیں ان کا مشترکہ دورہ ترتیب دیا جائے اور کسی بھی صورت قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو نہ بخشا جائے۔
میٹنگ کے اختتام پر پاک فضائیہ کے وفد کی جانب سے بلدیاتی مسائل کے تدارک کے لئے کی جانے والی کاوشوں پر سیکرٹری بلدیات سندھ کا شکریہ ادا کیا گیا اور ان کو یادگاری سوونئیر بھی پیش کیا گیا۔



