
تفصیلات کے مطابق گوجرنوالہ کے تھانہ گکھڑ منڈی میں بوڑھی ماں کو جائیداد کی لالچ میں زنجیروں سے باندھ کر قید رکھنے والے بد بخت بیٹے کو گرفتار کرکے معمر خاتون کو بازیاب کروا لیا۔
سی پی او گوجرانوالہ حماد عابد کے مطابق ملزم اعجاز اپنی والدہ کا گھر زبردستی اپنے نام کروانا چاہتا تھا، اور والدہ کے انکار پر بد بخت بیٹے نے ماں کو گھر میں زنجیروں سے باندھ کر قید کردیا،
مقامی پولیس نے ایکسپریس نیوز کی نشاندہی پر کارروائی کرکے بد بخت بیٹے کو گرفتار کر لیا، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سی پی او گوجرانوالہ نے کہا کہ ضلع بھر میں تحفظ والدین آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، قانون شکن عناصر کو راہ راست پر لانے کے لئے ہر قانونی راستہ اپنائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک سفاک شخص نے اپنی ضعیف والدہ اور چھوٹے بھائی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔ لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں نوجوان نے جائیداد کے تنازع پر ماں اور بھائی کو قتل کر دیا۔
ملزم شہزاد نے اپنی 75 سالہ ماں اور 42 سالہ چھوٹے بھائی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہزاد کا اپنی ماں اور بھائی سے کئی ماہ سے 6 مرلے کے مکان کا تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ملزم نے صبح 6 بجے اپنی ماں اور بھائی کو سوتے ہوئے کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا اور پولیس کو بلا کر یہ بتایا کہ ڈاکوؤں نے قتل کیا۔
لیکن بعد ازاں پولیس تفتیش کے دوران مشکوک بیان پر ملزم نے فوری طور پر اعتراف جُرم کر لیا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ بوداں بی بی اور اختر کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔



