کراچی میں بدترین گیس بحران نے چولہے ٹھنڈے کر دئیے
سردی کی شدت کم ہونے کے باوجود گیس بحال نہ ہوسکی
کراچی(رپورٹ: فرقان فاروقی)سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے عوام شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں ایک طرف گیس نہیں دوسری مہنگائی کی وجہ قوت خرید کم ہو جانے کی وجہ سے شہری سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں، رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، نیوکراچی، لائینز ایریا، محمودآباد اور لیاقت آباد میں گیس کی شدید قلت نے لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے صبح بچے گیس نہ ہونے کے سبب بغیر ناشتے کے گھروں سے اسکول جارہے ہیں جبکہ اسکول سے واپسی پر بھی انہیں خوراک کی دستیابی نہیں ہو پارہی ہے دفاتر جانے والے مردوخواتین بھی بغیر ناشتے کے دفاتر روانہ ہو رہے ہیں،سوئی گیس کمپنی کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے کئی کئی گھنٹے گیس بند رکھی جاتی ہے جس کا دورانیہ بسا اوقات دو دن تک طویل ہو جاتا ہے، شہری اس صورتحال میں پریشانی میں مبتلا ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کوش قسمتی سے گیس آجائے تو ایک ہی وقت میں کھانا تیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن غریب افراد کیلئے ایسا کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے شہریوں نے حکومتی اداروں سے گزارش کی ہے کہ وہ گیس کی عدم فراہمی یا بنا اطلاع کے گیس کی بندش کا نوٹس لیں اور سوئی گیس کو پابند بنایا جائے کہ وہ گیس بندش کے اوقات کار مقرر کرے شہریوں نے انکشاف کیا کہ مہینے بھر سے گیس بندش کے باوجود بل کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے بلکہ بعض گیس صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے بل گیس کی عدم فراہمی کے باوجود ڈبل ہو چکے ہیں.



