بلدیہ کورنگی میں ملازمین کی تنخواہیں تاخیر کا شکار ہونے کا امکان
حکومت سندھ کی جانب سے بلدیہ کورنگی میں میونسپل کمشنر کی تعیناتی تاخیر کا شکار
کراچی(رپورٹ: فرقان فاروقی) بلدیہ کورنگی میں تاحال میونسپل کمشنر کی تعیناتی نہ ہونے سے بلدیاتی امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، ارشاد آرائیں جو کہ بلدیہ کورنگی میں میونسپل کمشنر تعینات تھے انہیں میونسپل کمشنر کی پوسٹ سے ہٹانے کے بعد حکومت سندھ نے کسی افسر کو بطور میونسپل کمشنر نہیں بھیجا ہے جس سے افسران وملازمین میں بے چینی پائ جاتی ہے خاص طور پر ملازمین اسوقت شدید بے چین دکھائ دیتے ہیں کیونکہ ماہ جنوری کی تنخواہیں تیار کی جارہی ہیں لیکن میونسپل کمشنر موجود نہ ہونے کی وجہ سے خدشہ ہے کہ تنخواہیں تاخیر کا شکار ہو جائیں گے، بلدیہ کورنگی میں تاحال فائلوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جو محض اس لئے تعطل کا شکار ہیں کہ میونسپل کمشنر کے دستخط ہوں تو انہیں دیگر دستاویزی مراحل سے گزارا جائے ذرائع کے مطابق حال ہی میں تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی جاوید الرحمن کلوڑ کی جانب سے بھی محکمہ بلدیات سندھ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر بلدیہ کورنگی میں میونسپل کمشنر تعینات کریں یا اضافی چارج دیں تاکہ بلدیہ کورنگی کے امور باآسانی چلائے جاسکیں ذرائع کے مطابق بلدیہ کورنگی میں اسوقت بلدیاتی امور زبانی بنیادوں پر چل رہے ہیں کہیں فوری ترقیاتی امور کی ضرورت ہے تو وہاں کام دستاویزات کے بجائے زبانی کلامی بنیاد پر کروائے جا رہے ہیں جو کہ قانونی طریقہ کار نہیں ہے، پیٹرول وڈیزل فراہم کرنے والے پیٹرول پمپس نے بھی ادائیگی سے روک دیا ہے جو میونسپل کمشنر کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے آگے جا کر مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہے.



