ربیع الاول میں بہتر سے بہتر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، شعیب احمد ملک

کراچی (پ ر)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شعیب احمد ملک نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمارے لئے انتہائ اہمیت کا حامل ہے، کوشاں ہیں کہ بلدیاتی خدمات کے حوالے سے جتنی بہتر خدمات سر انجام دی جاسکتی ہیں وہ سرانجام دی جائیں،ربیع الاول کے مہینے کے آغاز سے بلدیاتی خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای امتیاز بھٹو، ایگزیکٹیو انجنئیر بی اینڈآر جمشید زون سلمان میمن ودیگر کے ہمراہ نشتر پارک، فیضان مدینہ اور لائینز ایریا میں ربیع الاول اور جشن عیدمیلاد النبی کے حوالے سے فراہم کی جانے والی بلدیاتی خدمات کے معائنے کے دوران کیا،نشتر پارک کے دورے کے دوران انہوں نے مرکزی نوعیت کی محفل کے حوالے سے کئے جانے والے بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اس موقع پر انہوں نے جماعت اہل سنت کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور بلدیاتی کاموں کی بابت پوچھا جس پر منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں بتایا کہ وہ شہداء نشتر پارک کے حوالے سے یادگار بنانا چاہتے ہیں جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شعیب ملک نے انہیں شہدائے نشتر پارک کے حوالے سے یادگار بنانے میں تعاون کی یقین دہانی کروائ، انہوں نے لائینز ایریا وگردونواح میں مساجد ودیگر جگہوں پر بلدیاتی خدمات کا بھی جائزہ لیا بعدازاں وہ دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ پہنچے اور وہاں فیضان مدینہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور ان سے بلدیاتی خدمات کے حوالے سے پوچھا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایات کیں کہ وہ فیضان مدینہ سمیت محافل کے منتظمین سے رابطے میں رہیں اور مسائل کی نشاندہی پر ان کے حل کو یقینی بنایا جائے فیضان مدینہ کے دورے کے دوران انہیں اور افسران کو دینی کتب کے تحائف پیش کئے گئے اور بلدیاتی خدمات کے حوالے سے خدمات کو سراہا گیا.



