
کویتی کابینہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کویت میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا کر شام 4 بجے سے اگلی صبح 8 بجے تک کیا جائے گا۔ اس سے قبل کویت میں کرفیو کا آغاز شام 5 بجے سے ہوتا تھاجو اگلی صبح 6 بجے تک نافذ رہتا تھا۔
اس فیصلے کے بعد کویت میں ساری رات مارکیٹس بند رہیں گی، جبکہ ماضی میں رمضان کے دوران ساری رات مارکیٹس خرید و فروخت کے لیے کھُلی رہتی تھیں۔
جبکہ سرکاری اداروں کی تعطیلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ سابقہ اعلان کے مطابق 27 اپریل کو تمام سرکاری ادارے کھُل جانے تھے تاہم مملکت میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافے کے بعد سرکاری اداروں کی تعطیلات میں 28 مئی تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔
کویتی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں مزید 85 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
جس کے بعد مریضوں کی مجموعی گنتی 2080 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز 45 مریض کورونا سے شفا یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھیج دیئے گئے۔ مملکت میں کورونا سے صحت مند ہونے والوں کی کُل گنتی 412 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ کویتی حکومت نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ مملکت میں موجود غیر قانوی تارکین اپنے وطن لوٹ جائیں۔ وطن واپس جانے والوں سے کوئی باز پُرس ہو گی اور نہ انہیں قید کی سزا اور جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔



