
افغان طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت تشکیل دینے کا اعلان کردیا جس کے تحت اسلامی حکومت کے قائم مقام سربراہ محمد حسن اخوند جب کہ نائب صدر ملا عبدالغنی برادر ہوں گے۔
اس بات کا اعلان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسلامی حکومت کے قائم مقام سربراہ محمد حسن اخوند جب کہ ملا عبدالغنی برادر نائب صدر ہوں گے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی، وزیر داخلہ سراج الدین حقانی، وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب، وزیر اطلاعات و ثقافت ملا خیر اللہ خیر خواہ، نائب وزیر اطلاعات و ثقافت ذبیح اللہ مجاہد، وزیر خزانہ ملا ہدایت اللہ بدری، وزیر تعلیم شیخ اللہ منیر کو مقرر کیا جارہا ہے، عدالتی امور مولوی عبدالحکیم دیکھیں گے جب کہ ملا عبدالحق افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے سربراہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت تشکیل دے دی گئی ہے تاہم اس میں موجود متعدد عہدوں کے لیے کئی ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔



