تمباکونوشی کی روک تھام کا پیغام سندھ کے تمام تعلیمی اداروں تک پھیلائیں گے

تمباکونوشی کی روک تھام کا پیغام سندھ کے تمام تعلیمی اداروں تک پھیلائیں گے، چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن

کراچی(رپورٹ:بلال سولنگی)  تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کی آگہی کے حوالے سے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن چیئرمین سیکریٹریٹ کے کمیٹی روم میں بورڈ کے افسران اور بورڈ سے الحاق یافتہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کے لئے نشست کا انعقاد کیا گیا۔
اس میٹینگ کا انعقاد ٹیکنیکل بورڈ نے توباکو اسموک فری سیٹیز وزارت قومی صحت حکومت پاکستان کے اشتراک سے کیا جس کا مقصد ضلعی حکومت کراچی اور وزارت قومی صحت کے تمباکونوشی سے پاک شہر کراچی کے اقدام کی حمایت کرنا تھا۔
چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی ڈاکٹر مسرور احمد شیخ نے تلاوت کلام پاک کے بعد نشست کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے محمد یونس ڈاہری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کراچی، ڈاکٹر منہاج السراج پراجیکٹ ڈائریکٹر توباکواسموک فری سیٹیز، محمد آفتاب پراجیکٹ مینیجر بشمول تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کا تشریف آوری کے لئے شکریہ ادا کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل بورڈ وزارت قومی صحت اور ضلعی حکومت کے اس عظیم اقدام کی حمایت کرنا چاہتا ہے تاکہ تمباکونوشی کے استعمال کے نقصانات سے متعلق آگہی اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر کراچی کو تمباکونوشی سے پاک شہر بنانے کے مشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ہم چیئر مین سیکریٹریٹ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کو اسموک فری زون قرار دینے جا رہے ہیں جبکہ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اقدام کو ٹیکنیکل بورڈ سے الحاق یافتہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کی جانب سے اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں اپنایا جائے گا۔
چیئر مین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمباکو کے استعمال کے سبب ہماری نوجوان نسل کی ذندگیاں تباہ ہورہی ہیں،جبکہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تمباکو کے استعمال کے سبب سالانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ پانچ سے پندرہ سال کی عمر کے بارہ سو بچے روزانہ تمباکو نوشی کے استعمال کی شروعات کرتے ہیں اور پھر بعد میں و ہ تمباکو نوشی سے دوسری نشا آور مہلک چیزیں بھی استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں جو کہ تشویشناک صورتحال ہے۔
“ہمارے ٹیکنیکل تعلیمی ادارے پورے سندھ میں موجود ہیں، لہذا ہم تمباکونوشی کی روک تھا م کا پیغام صوبہ سندھ کے تمام تعلیمی اداروں تک پھیلائیں گے، چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ۔
جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر منہاج السراج نے تمباکونوشی کی روک تھام کے قوانین اور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے میں تعلیمی اداروں کے سربراہان کے کردار پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا کہ قوانین کے اطلاق کو یقینی بنا کر اور تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی کے استعمال کے نقصانات سے متعلق آگہی فراہم کر کے ہم اپنی نوجوان نسل کی ذندگیوں کومحفوظ کر سکتے ہیں۔
انہوں اس اہم میٹینگ کے انعقا د اور اس عظیم اقدام جس کے ذریعہ نوجوان نسل کی ذندگیوں کو محفوظ کیا جاسکتا ہے اس اقدام کی حمایت پر پر چیئر مین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، زاہد علی خان ڈپٹی سیکریٹری ٹیکنیکل بورڈ /فوکل پرسن توباکو اسموک فری کراچی بشمول بورڈ کے تمام افسران اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا ۔
زاہد علی خان ڈپٹی سیکریٹری/فوکل پرسن برائے توباکو اسموک فری کراچی نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ٹیکنیکل بورڈ آئندہ ماہ آل پاکستان ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ بشمول دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرنے جارہی ہے، جس میں توباکو اسموک فری سیٹیز وزارت قومی صحت کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے پیغام کو پھیلایا جا سکے کیونکہ ان مقابلوں میں پاکستان بھر سے کھلاذی شرکت کریں گے۔
اس موقع پر محمد آفتاب کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمشنر کراچی ہمارے اس مشن کی مکمل حمایت کررہے ہیں اور ان کی حمایت کی بدولت ہمارے کام کا دائرہ کار کراچی کی تمام سات اضلاع تک پھیل چکا ہے۔ان تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ امپلیمینٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کراچی شہر کے پانچ اضلاع میں تشکیل دی جا چکی ہے، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنر دفاتر میں توباکو کنٹرول سیل کے قیام کا عمل جاری ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی محمد یونس ڈاہری کا نشست کے اختتامیہ کلمات کی ادائیگی کے موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے اسموک فری کراچی ایسٹ ک اقدام کا آغاز گزشتہ سال سے کیا اور اب مختلف اداروں کے افسران اور ملازمین تمباکو نوشی کے استعمال کے نقصانات اور تمباکو نوشی کی روک تھام کے موجودہ قوانین کے بارے میں آگہی حاصل کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اسموک فری کراچی ایسٹ کا مشن اب وسیع پیمانے پر پھیل چکا ہے کیونکہ جو افراد ہماری نشست سے معلومات حاصل کر رہے ہیں وہ اس معلومات کو اپنے ارد گرد کے افراد تک پہنچا رہے ہیں، یہ ہماری کامیابی ہے کیونکہ ہماری کاوشوں کے معاشرے میں مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
آگہی نشست کے اختتام پر سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی چیئر مین سیکریٹیریٹ اسموک فری پلیٹ کی ربن کٹنگ تقریب کے بعد اسموک فری زون قرار دے دیا گیا، جبکہ ادارہ نے چیئر مین سیکریٹیریٹ کو اسموک فری زون قرار دینے کے حوالے سے باقاعدہ لیٹر کا بھی اجراء کیا ہے۔
زاہد علی خان ڈپٹی سیکریٹری /فوکل پرسن برائے توباکو اسموک فری کراچیبشمول دیگر ٹیکنیکل بورڈ کے افسران اور ٹیکنیکل تعلیمی اداروں کے سربراہان نے اس تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر
تمباکونوشی کی روک تھام کے قوانین کے تعلیمی اداروں میں اطلاق کے حوالے سے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet

اپنا تبصرہ بھیجیں