
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میاں اور بیوی نے معمولی تکرار پر ایک دوسرے کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔اسلام آباد کے علاقے غوری گارڈن میں میاں بیوی نے معمولی تکرار پر ایک دوسرے کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہو گئے۔
اس ضمن میں علاقہ پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان معمولی لڑائی شدت اختیار کرگئی تھی جس کے بعد یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
علاقہ پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے قبضے سے استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق پولیس دونوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی علیحدہ رہتے تھے اور ان کا ایک پانچ سال کا بیٹا ہے۔ ذرائع کے مطابق عید سے قبل خاتون اپنے بیٹے کو ساتھ لے گئی تھیں اور اسی کو لینے کے لیے خاوند ذیشان گھر آیا تھا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو فائرنگ کا سبب بن گئی۔



