کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان کے بحری شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور علاقائی تجارتی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قازقستان کے ایک 12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کی ساحلی پٹی اور بندرگاہوں پر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد SI (M)، S.Bt (ر)، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل سید معظم الیاس HI (M) (ر)، اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں پاکستان کے بندرگاہی آپریشنز، موجودہ انفراسٹرکچر اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر جامع بریفنگ دی۔
سرمایہ کاری کے اہم شعبے اور بریفنگ
چیئرمین کے پی ٹی نے وفد کو کراچی بندرگاہ کے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور علاقائی تجارت میں اس کے کلیدی کردار سے آگاہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے درج ذیل اہم شعبوں پر روشنی ڈالی:
-
ٹرانس شپمنٹ اور آف ڈاک ٹرمینلز
-
ملٹی پرپز ٹرمینلز اور میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ
-
میرین ورکشاپ منوڑہ میں ڈرائی ڈاک اور فلوٹنگ ڈاک کے منصوبے
اس موقع پر قازقستان کے وفد نے کراچی اور گوادر بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بریفنگ کے دوران نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) کے حکام نے بھی شرکاء کو پاکستان کے جغرافیائی راستوں کے ذریعے وسطی ایشیا سے منسلک علاقائی ملٹی موڈل تجارتی راہداریوں (Multimodal Trade Corridors) کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، جو دونوں خطوں کے درمیان تجارت کو تیز تر اور سستا بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
