
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں لگانے کا عمل شروع ہوجائے گا۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کورونا وائرس کے لیے فائزر کی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے پہلے برطانیہ اور کینیڈا بھی فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں۔
فائزر کی ویکسین کی منظوری کے لیے وائٹ ہاؤس کی ایف ڈی اے چیف کو مبینہ دھمکی بھی سامنے آئی تھی۔
وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے ایف ڈی اے چیف کوحکم دیا تھا کہ وہ آج فائزر ویکسین کے استعمال کی منظوری دیں یا پھر مستعفی ہوں، تاہم ایف ڈی اے چیف اسٹیفن ہان نے ان رپورٹس کو جھوٹ قرار دیا تھا۔
امریکا کورونا وائرس سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثر ملک بن چکا ہے اور کووڈ مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے سرفہرست ہے۔
امریکا میں اب تک 1 کروڑ 65 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ کووڈ سے ہلاک مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار ہوچکی ہے۔
ملک میں فعال کیسز کی تعداد 65 لاکھ سے زائد ہے جبکہ 96 لاکھ سے زائد افراد اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔



