
امریکہ میں نئے صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ کورونا کی وبا کے باعث امریکیوں کی ایک بڑی تعداد ڈاک کے ذریعے اپنے ووٹ پہلے ہی بھجوا چکی ہے، جن کی گنتی کرنے میں زیادہ وقت درکار ہوگا۔
رپبلکن کی طرف سے2020 کے صدارتی انتخاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نامزد کیا گیا ہے اور وہ چار سال کی صدارتی مدت مکمل کرنے کے بعد دوبارہ منتخب ہونے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن ہیں جو ماضی میں سابق صدر اوباما کے ساتھ آٹھ سال تک نائب صدر کے اہم عہدے پر فائز رہے ہیں اور سیاست کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
امریکہ میں صدارتی انتخاب جیتنے والے امیدوار کو الیکٹورل کالج کے کل 538 میں سے270 یا اس سے زیادہ ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
اب تک جن ریاستوں کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج آئے ہیں ان کے مطابق صدرٹرمپ نے115 اورجو بائیڈن 133الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔
جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹ
ورجنیا میں جوبائیڈن نے 13اور ورمونٹ میں 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جوبائیڈن آبائی ریاست ڈلاویر سے بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔
جوبائیڈن نے ریاست ایلا نوائے میں20 الیکٹورل ووٹوں کیساتھ فتح حاصل کی۔ کینٹی کٹ7 ، میسی چیوسٹس11، پینلسوینیا20 اور کولوراڈو میں جوبائیڈن نے9الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جوبائیڈن نیو میکسیکو میں بھی5 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
جوبائیڈن کو ریاست ایلا نوائے میں20 اور اوریگن میں7 الیکٹورل ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
ڈونلڈٹرمپ کے الیکٹورل ووٹ
اوکلا ہوما میں ٹرمپ 7 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے جیت گئے۔ جنوبی ڈکوٹا میں ٹرمپ نے 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے بازی مار لی ہے۔
ارکنساس میں ٹرمپ 6 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے جیت گئے ہیں۔ ٹینیسی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 11 الیکٹورل ووٹ لے کر میدان مار لیا۔
کینٹکی میں ٹرمپ کی 8 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ برتری ہے۔ انڈیانا میں ٹرمپ نے 11 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ جیت اپنے نام کی ہے۔ مغربی ورجینیا میں 5 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ ٹرمپ کو فتح ملی ہے۔
ٹرمپ ریاست اوٹا سے بھی 6 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ امریکی ریاست مسوری میں ٹرمپ نے10 الیکٹورل ووٹ لے کر جیت حاصل کی ہے۔ ٹرمپ امریکی ریاست فلوریڈا میں20 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔
امریکہ کی ہر ریاست کو اس کی آبادی کے تناسب سے الیکٹورل کالج میں ووٹ ہوتے ہیں۔ سال2016 کے انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلٹن نے مجموعی طور پر صدر ٹرمپ سے 30 لاکھ ووٹ زیادہ حاصل کیے تھے لیکن وہ الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی اکثریت حاصل نہیں کر سکی تھیں۔



