
امریکا میں صدارتی انتخابات سے قبل کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، ملک میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 86 ہزار کیسز سامنے آگئے۔
امریکا میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 86 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں، امریکا میں اب تک کورونا سے 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔
امریکا میں اب تک 92 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، امریکا میں کورونا کےفعال کیسز کی تعداد 29 لاکھ سے زائد ہوگئی، ملک میں صدارتی انتخابات سے قبل کورونا کیسز میں اضافے نے حکومت کے لیے نیا چیلنج کھڑا کردیا۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ صدر ٹرمپ اور جوبائیڈن کی جانب سے ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے فلوریڈا میں انتخابی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
جوبائیڈن کا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلوریڈاوالو، اگر آپ نے ساتھ دیا تو جیت یقینی ہے۔ فلوریڈا کو امریکی انتخابات میں سب سے بڑی سوئنگ اسٹیٹ قرار دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا سمیت دنیا بھر میں کورونا کیسز میں حالیہ ہفتوں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماسم سرما کے دوران مہلک وائرس مزید متحرک ہوگیا اور بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوں گے۔



