نا تجربہ کار ٹرینی افسران کی اہم عہدوں پر تعیناتی اور میرٹ کو نظر انداز کرنے پر سینئر افسران اور شہری حلقوں میں شدید تشویش

کراچی سمیت سندھ کے بلدیاتی اداروں میں گریڈ 16 کے ٹرینی افسران کی کلیدی عہدوں پر تعیناتی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور گورننس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ بلدیاتی حلقوں اور سینئر افسران نے اس اقدام کو خود پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں منظور کیے گئے ‘سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ’ کے قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قوانین کی خلاف ورزی اور میرٹ کا قتل عام
ذرائع اور متاثرہ افسران کے مطابق، سندھ حکومت کی جانب سے ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں میونسپل کمشنر کے دفتر، ٹیکس، اینٹی انکروچمنٹ اور ایڈورٹائزمنٹ جیسے انتہائی اہم اور حساس شعبوں میں ایسے افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے جن کا تربیتی دورانیہ بھی ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے میرٹ اور شفافیت کے دعوؤں کے برعکس، 15 سے 20 سال کا وسیع تجربہ رکھنے والے سینئر کونسل افسران کو نظر انداز کر کے محض ڈپٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر جیسے عہدوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو کے بیان اور افسران میں احساسِ محرومی
میرٹ پر بھرتی ہونے والے اردو بولنے والے سینئر افسران نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ متنازعہ بیان کے تناظر میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا اظہار کیا ہے۔ افسران کا مؤقف ہے کہ صوبائی حکومت کی موجودہ تعیناتیوں کی پالیسی سے یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ میرٹ پر آنے والے افسران کو جان بوجھ کر دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم نے مقابلے کے امتحانات پاس کر کے میرٹ پر سروس حاصل کی، مگر پیپلز پارٹی کی حکومت میں تعیناتیوں کے وقت سینئر افسران کو نظر انداز کر کے ٹرینی افسران کو براہ راست بڑے عہدے سونپ دیے گئے ہیں۔ افسران نے خبردار کیا کہ اگر پارٹی قیادت نے اس معاملے کا فوری نوٹس نہ لیا اور پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو یہ بے چینی بڑے احتجاج میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
مزدور تنظیموں کے تحفظات اور جوڈیشل کمیٹی کا مطالبہ
دوسری جانب، آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ بھی سندھ حکومت کی بلدیاتی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔ فیڈریشن کا مطالبہ ہے کہ کونسل اور ایس سی یو جی (SCUG) ملازمین کی تعیناتیوں کا واضح کوٹہ مقرر کیا جائے، گریڈ 19 کی آسامیوں پر گریڈ 17 اور 18 کے افسران کی غیر قانونی تعیناتیاں فوری روکی جائیں، اور بغیر کمیشن کے بھرتی ہونے والے افسران کی اہلیت جانچنے کے لیے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

ناقص کارکردگی کا خمیازہ عوام بھگتنے پر مجبور
شہری حلقوں اور مبصرین نے بھی بلدیاتی اداروں کی زبوں حالی کا ذمہ دار صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور اقربا پروری کو قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب انتظامی تجربہ نہ رکھنے والے افسران کو اہم عہدوں پر بٹھایا جائے گا تو اس کا براہ راست نقصان عام آدمی کو اٹھانا پڑے گا، جس کے نتیجے میں شہر میں سیوریج، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، صفائی ستھرائی اور ٹیکس وصولی کے معاملات مزید ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔









Leave a Reply