گلستان جوہر میں کے ڈی اے کا گرینڈ آپریشن کروڑوں مالیت کے پلاٹس واہگزار، غیر قانونی عمارات مسمارkda portion
کراچی: تجاوزات کے خلاف 100 فیصد کامیابی تک بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی سخت ہدایات
رپورٹ: فرقان فاروقی
کراچی: ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) نے شہر میں قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گلستان جوہر میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واہگزار کرالی۔
تفصیلات کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان کی زیر نگرانی گلستان جوہر بلاک 6 میں انسدادِ تجاوزات کا گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے پلاٹ نمبر C-15، C-16 اور C-17 پر قائم متعدد غیر قانونی عمارات اور تجاوزات کو زمین بوس کر دیا گیا۔
قبضہ مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا عزم
اس اہم کارروائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے واضح کیا کہ شہر بھر میں کے ڈی اے کی اراضی پر کسی کو بھی غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ انسداد و تجاوزات کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا:
”قبضہ مافیا سے کے ڈی اے کی اراضی ہر صورت واہگزار کرائی جائے۔ ضرورت پڑنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لی جائے اور افرادی و مشینری قوت میں مزید اضافہ کر کے اس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔”
اراضی کی اصل شکل میں بحالی
ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی جی کے ڈی اے کے وژن کے مطابق واہگزار کرائی گئی قیمتی اراضی کو فوری طور پر اصل شکل میں بحال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسدادِ تجاوزات کی یہ کارروائیاں بتدریج کے ڈی اے کی تمام اسکیموں اور ٹاؤن شپس میں بڑھائی جا رہی ہیں تاکہ شہر کو تجاوزات سے مکمل پاک کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق گلستان جوہر میں ہونے والے اس آپریشن کے دوران محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے اعلیٰ افسران اور عملے کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی تاکہ کسی بھی ممکنہ مزاحمت سے نمٹا جا سکے۔ کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ ماضی کی طرح کراچی کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا اور یہ تسلسل مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔
