سابق بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا کا شکار

 سابق بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا کا شکار

نئی دہلی: بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

کانگریس کے 88 سالہ بزرگ رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگوائی ہوئی ہے۔

سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک 4 مارچ کو لگوائی تھی جب کہ دوسری خوراک 3 اپریل کو لگوائی تھی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ کو تیز بخار تھا اور طبیعت بہتر نہیں تھی جس کی بنا پر انہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ اسپتال کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو احتیاطی تدابیر کے طور پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر منموہن سنگھ نے گزشتہ روز بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر اظہار تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ویکسینیشن کے عمل میں تیزی لائیں، عام افراد سے رابطے میں آنے والے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائیں اور ویکسین کے لیے عمر کی حد میں بھی کمی کریں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet