بھارت میں کورونا کی صورتحال تشویشناک، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا دورہ منسوخ

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھارت میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اپنا دورہ منسوخ کردیا۔

برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہیں آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ کرنا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن نے اس سے قبل جنوری میں بھی اپنا دورہ ملتوی کیا تھا جس وقت برطانیہ میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک تھی۔

دوسری جانب اب بھارت میں وبا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے۔

بورس جانسن کے دفتر سے جاری برطانیہ اور بھارت کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ‘کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی روشنی میں وزیراعظم بورس جانسن آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ نہیں کرسکیں گے’۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دورے کے بجائے وزیراعظم نریندر مودی اور بورس جانسن رواں ماہ کے دوران بعد میں بات کریں گے اور برطانیہ اور بھارت کے درمیان مستقبل کے اشتراک کے منصوبے جاری کریں گے۔

خیال رہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بریگزٹ کے بعد برطانیہ کے عزائم اور یورپی یونین سے باہر کے ممالک کے ساتھ تجارت کو دوبارہ تقویت بخشنے کے ساتھ انڈو پیسفک ریجن میں مزید اثر رسوخ حاصل کرنے کے لیے سفارتی کوشش کے کلیدی جزو کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

برطانیہ نے بھارت کو جون میں اپنی میزبانی میں ہونے والے جی-7 اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

برطانوی صحت حکام نے کہا کہ وہ وائرس کی بھارتی قسم کی تحقیقات کررہے ہیں لیکن ابھی ان کے پاس اس قسم کو تشویشناک قرار دینے کے کافی شواہد نہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet